لکھنؤ، 30اپریل ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) اترپردیش ثانوی تعلیم کونسل (یوپی بورڈ)نے 29 اپریل کو 10 ویں اور 12 ویں کلاس کے نتائج کا اعلان کر دیا۔امتحان میں کامیاب ہونے والے بچوں کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مبارک باد دی ہے۔ساتھ ہی ریاستی حکومت ٹاپرس کا اعزاز سے بھی نوازے گی۔اس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بھی 10 ویں اور 12 ویں کے 11-11ٹاپرس کو اپنے پاس سے لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا ہے۔اکھلیش نے ٹوئٹر پر لکھاکہ یوپی بورڈ میں پاس ہوئے تمام طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو بہت بہت مبارک ہو۔ہائی اسکول اور انٹر دونوں امتحانات میں میرٹ لسٹ میں جو ٹاپ11-11 طلبہ وطالبات آئے ہیں، ہم انہیں اپنی طرف سے لیپ ٹاپ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی کریں گے۔غورطلب ہے کہ جب اکھلیش سی ایم تھے تو انٹر پاس طلبا و طالبات کے لئے لیپ ٹاپ تقسیم اسکیم نافذ کی تھی۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں انتہائی غریب خاندان سے آنے والے بارہ بنکی کے طالب علم آکاس موریہ نے ٹاپ مقام حاصل کیا ہے۔آکاس کو 93.20 فیصد نمبرملے۔آکاس کے والد کلدیپ موریہ آٹو چلاتے ہیں لیکن چھوٹی آمدنی ہونے کے باوجود اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دینے کے ان کے جذبے کوسلام کیا ہے۔آکاس کے مطابق وہ دن میں اسکول کے علاوہ چھ سات گھنٹے گھر میں پڑھائی کرتے تھے۔مستقبل میں وہ مکینکل انجینئر بننا چاہتے ہیں۔ادھر 10ویں کلاس میں الہ آباد کے شوکٹی کی انجلی ورما نے ٹاپ کیا۔برج بہاری اسکول کی اسٹوڈنٹ انجلی کو 96.13 فیصد نمبر ملے۔انجلی نے کہاہے کہ انہیں اچھے نمبر آنے کا پورا بھروسہ تھا۔ان کے اسکول ٹیچرس اور والدین نے ان کی کافی مدد کی۔انجلی نے بتایاہے کہ وہ آگے چل کرانجینئربنناچاہتی ہیں۔